حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع گجرات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے ایک عظیم الشان "عزاداری و پیام امن کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کا مقصد عزاداری کے پیغام کو عام کرنا، امن و امان کو فروغ دینا اور معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

کانفرنس میں انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر گجرات محترمہ نور العین قریشی اور ڈی پی او گجرات جناب اختر فاروق نے تقریب میں شرکت کر کے اس کے اہتمام کو سراہا اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم پیغام دیا۔

پروگرام کے دوران مختلف جید علمائے کرام نے اپنے پر اثر خطابات سے شرکاء کو نوازا۔
مقررین نے محرم الحرام کی مجالسِ عزاء میں شہید امت کو خراجِ تحسین اور رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت الله سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کرنے پر بھی زور دیا۔
مقررین میں علامہ محمد زمان حسینی، علامہ حسنین رضا کاظمی اور علامہ الطاف حسین رضوی شامل تھے، جنہوں نے عزاداری کی اہمیت اور پیغامِ امن پر روشنی ڈالی۔

اس کے علاوہ انجمنِ تاجران کے نمائندوں، ماتمی انجمنوں کے سالاروں، لائسنس ہولڈرز، وکلاء اور صحافی برادری کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
کانفرنس کی صدارت صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان، حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کی۔
انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں اتحادِ بین المسلمین اور امن کے عالمی پیغام پر زور دیا۔

اسی سلسلے میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شیعہ علماء کونسل پاکستان، سید الطاف عباس کاظمی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور تنظیم کے اہداف اور پیغامِ امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔










آپ کا تبصرہ